سینیٹ، قومی، صوبائی اسمبلیوں کے 12 ممبران سمیت 40 سے زائد پارلیمنٹرین کرونا کا شکار ہو کر چل بسے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک /نیوز ایجنسی) موجودہ سینٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 12ممبران سمیت 40 سے زائد پارلیمنٹرین گزشتہ 6 ماہ کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہو کر چل بسے ہیں، ان خالی نشستوں میں 10حلقوں میں ضمنی انتخابات 3مرحلوں میں اگلے ماہ 21فروری تک

مکمل ہو جائیں گے جبکہ دو خواتین کی خالی ہونے والی نشستوں پر پارٹی کی ترجیحی فہرست کے مطابق نئی اراکین حلف اٹھائیں گی۔روزنامہ جنگ کے مطابق پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 38369 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2435 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 48 ہلاکتیں ہوئیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.3 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10558 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 97510 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34049 ہے۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3313 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 453828 ہوگئی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن )کی رکن پنجاب اسمبلی منیرہ یامین ستی کورونا سے جاں بحق ہوگئیں، نجی ٹی وی کے مطابق منیرہ یامین ستی کافی دنوں سے کورونا کے باعث وینٹی لیٹر پر تھیں۔دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کےباعث پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں اس کے بعد زیادہ اموات سندھ میں ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں