ٹرمپ کو اب کیا کرنا چاہیے ۔۔۔؟؟ چونکہ امریکی خان کی سیاست اور طبیعت اپنے خان سے ملتی جلتی ہے اس لیے اسے چاہیے کہ ۔۔۔۔ ارشاد بھٹی کا دلچسپ اور معنی خیز مشورہ

لاہور (ویب ڈیسک) ٹرمپ ہا رگیا، اسے اب کیا کرنا چاہیے، سنا جارہا، اس کا داماد مسلسل انہیں قائل کر رہا کہ اب کسی قانونی وسیاسی لؑڑائی لڑنے کی بجائے شکست تسلیم کرکے وائٹ ہاؤس خالی کر دیں، چونکہ امریکی خان کی سیاست اپنے خان سے ملتی جلتی، لہٰذا ٹرمپ کو وہی کرنا چاہیے

جو پچھلا الیکشن ہار کر عمران خان کرچکے، نامور کالم نگار ارشاد بھٹی اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ٹرمپ سب سے پہلے 4حلقے مطلب 4ریاستوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کریں، سپریم کورٹ جائیں، کوئی ریلیف نہ ملے، سڑکوں پر آئیں، جلسے، جلوس، لانگ مارچ کریں، وائٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں، لاک ڈاؤن، سول نافرمانی کریں، وائٹ ہاؤس کا جنگلہ توڑ دیں، دو چار گھنٹو ں کیلئے کسی ٹی وی اسٹیشن پر قبضہ کرلیں، شہر شہر جلسوں سے خطاب کریں، جوبائیڈن سے استعفیٰ کا مطالبہ کریں، عین ممکن اس سے حکومت نہ جائے مگر حکومت کی نیندیں ضرو ر اڑ جائیں گی، اگر ٹرمپ کو یہ پلان پسند نہ آئے تو پلان بی حاضر ہے، پلان بی اپنی نواز اینڈ کمپنی کا، ٹرمپ فوراً دھاندلی کا الزام لگائیں، انتخابات کو جعلی، مینڈیٹ کو نقلی قرار دیدیں، سپریم کورٹ ہرگز نہ جائیں کیونکہ وہاں گواہ لانے پڑتے ہیں، ثبوت دینا پڑتے ہیں، مطلب دھاندلی ثابت کرنا پڑتی ہے،لہٰذا پہلی فرصت میں سب کچھ اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیں، آرٹی ایس سسٹم کے بیٹھ جانے، فارم 45نہ ملنے اورووٹ گنتی کے وقت میرے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا گیا، جیسے الزامات لگائیں، ہوسکے تو کسی قریبی جی ٹی روڈ پر مجھے کیوں نکالا، کیوں نکالا مجھے، لانگ مار چ کردیں، مگر یہ لانگ مارچ سرکاری پیسوں سے ہونا چاہیے، یہ سب کر کے کچھ نہ ہوتوٹرمپ پہلے اپنی اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پڑیں، ترلہ منت کریں، قاصد پہ قاصد بھجیں، اگرسب ناکام ہوجائے تو پھر فوراً انقلابی ہوجائیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگادیں،

سویلین بالادستی کا جھنڈا اٹھالیں، سب ہارے ہوؤں کو اکٹھا کرکے ایکا کرلیں اورپھرایک دن کسی جلسے میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار اپنے آرمی چیف، انٹلیجنس چیف کو ٹھہرا کر دمادم مست قلندر کردیں، اللہ برکت ڈالے گا۔ٹرمپ جانی، ویسے تو الیکشن والی رات ہی آپ خواجہ آصف کو فون کر کے ان سے ایک ٹیلی فون نمبر لے لیتے یا پوچھ لیتے کہ میں ہار رہا ہوں اب کہاں فون کروں تو جیت یقینی ہوجاتی، اب جتنی جلدی ہو سکے کہیں، یہ تبدیلی آئی نہیں، یہ تبدیلی لائی گئی ہے،بیٹی ایوانکا کو کہیں وہ بیان دیں کہ’’ جوبائیڈن ہماری لڑائی تم سے نہیں، تم کٹھ پتلی، تم مہرہ ہو‘‘، ٹرمپ جانی، اگر غبن، فراڈ، مالی بدعنوانی کا مقدمہ ہوجائے، فوراً بیمار ہوجاؤ، انقلاب بیٹی ایوانکا کے حوالے کر کے خود علاج کے بہانے برطانیہ چلے جاؤ اور پھروہاں سے علم بغاوت بلند کردو، روزانہ ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی فوج کو وارننگز دو، ہاں یہ سب کرتے ہوئے اپنے بھائی، بیٹے اور داماد کو بالکل نہیں روکنا وہ اسٹیبلشمنٹ سے بیک ڈوررابطے کرتے رہیں، رستے نکالنے کی کوششیں کرتے رہیں، بیک وقت یہ گڈکاپ بیڈکاپ کا کھیل جاری رکھنا بہت ضروری، امید ہے یہ سب کرنے سے کوئی نہ کوئی اقتدار گاہ تک جانے کارستہ نکل ہی آئے گا، اگر کوئی رستہ نہ بھی نکلا تو بھی یہ سب کرنے سے جوبائیڈن بلڈ پریشر کا مریض ہو جائے گا، غصے میں آکر ایسی بونگیاں مارے گا، ایسی غلطیاں کرے گا کہ آپکی منزل اور آسان ہوجائے گی، لہٰذا وقت کم کا م زیادہ، ٹرمپ جانی، کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے کاکھیل شروع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں