پاکستان کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی مسجد کی تعمیر کا کام کب مکمل ہو رہا ہے ؟ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین کا زبردست اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری بڑی گرینڈ جامع مسجد کراچی میں آئندہ سال بحریہ ٹائون مکمل کر لے گا۔ حرمین الشریفین کے بعد بحریہ ٹائون کراچی کی گرینڈ مسجد خطے کی سب سے خوبصورت مسجد قرار پائے گی۔

مسجد کی تعمیر کا کام شب و روز اعلیٰ ماہرین کرنے میں مصروف ہیں۔ اس مسجد کیلئے دنیا بھر کے ملکوں سے بہترین سامان زیبائش و آرائش منگوایا جائیگا۔ نمازیوں کیلئے ہر وہ سہولت پاکستان کی سب سے بڑی مسجد میں مہیا کی جائیگی جو جدید ترین تقاضوں کے مطابق ہو گی۔ جمعہ کی شب ملک ریاض حسین نے جنگ کو بتایا کہ گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون لاہور میں پیغمبر آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰؐ کے موئے مبارک کی زیارت نماز جمعہ کے بعد ہزاروں عاشقان رسولؐ کو کرائی گئی۔ شرکاء نے لاہور‘ راولپنڈی‘ کراچی‘ اسلام آباد میں عہد ساز مساجد کی تعمیر پر چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک کو درپیش کورونا اور دیگر مسائل کےجلد ختم ہونے کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون لاہور میں موئے مبارک کی زیارت کو آنے والے ہزاروں لوگوں کیلئے ملک ریاض حسین نے کورونا وائرس سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کا خاص اہتمام کر رکھا تھا۔ شرکاء کی جانب سے مرد حضرات نے نماز جمعہ سے عصر تک اور خواتین نے نماز عصر سے مغرب کے اوقات میں موئے مبارک کی زیارت کی۔ اس موقع پر بحریہ ٹائون کے سکیورٹی سکواڈ نے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے ہوئے تھے۔ نہ صرف لاہور بلکہ گردو نواح کے علاقوں سے ہزاروں فرزندان توحید نے گرینڈ بحریہ ٹائون جامع مسجد لاہور میں موئے مبارک کی منظم انداز میں زیارت کی۔ بحریہ ٹائون کی انتظامیہ نے گرینڈ جامع مسجد اور اردگرد کے علاقوں میں اس عظیم الشان اجتماع کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہوئے تھے۔ نماز جمعہ کے موقع پر پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی‘ سلامتی‘ دفاع‘ پاکستانی افواج کی کامیابی و کامرانی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بحریہ ٹائون لاہور کی گرینڈ جامع مسجد میں ’قرآن لائبریری ‘بھی موجود ہے۔ تاریخ ساز لائبریری جس میں 500 سے 1000 برس قدیم نسخے اپنی اصل حالت میں موجود ہیں۔ ان نسخوں میں اسلام، تاریخ اور ادب کے موضوعات پرکتب شامل ہیں۔ بحریہ ٹائون کے بانیوں میں سے ایک ائر کموڈور جاوید احسن (مرحوم) نے یہ نسخے انڈونیشیا، ایران، افغانستان سعودی عرب اور دیگر ممالک سے اکھٹے کئے۔ شرکاء کی جانب سے مساجد کی خوبصورتی اور دیکھ بھال کی تعریف کی گئی اور عہد ساز مساجد کی تعمیرپر چیئر مین بحریہ ٹائون ملک ریاض کے اقدامات کو سراہا گیا ۔ عہد ساز مساجد کی تعمیربحریہ ٹائون کی روایت ہے‘ اس کیساتھ بحریہ ٹائون کراچی میں پاکستان کی سب سے بڑی اور دنیا کی تیسری گرینڈ جامع مسجد تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس میں نماز جمعہ اور عیدین کے موقع پر کراچی کے لاکھوں لوگ نمازیں ادا کیا کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں