بریکنگ نیوز: پاکستان نے برطانیہ سے نوازشریف کو مانگ لیا، برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط میں کیا مطالبہ کیا گیا؟ جانیے

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان نے برطانیہ سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر مرزا شہزاد اکبر نے برطانوی حکام کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط میں شہزاد اکبر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت پر لازم ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پاکستان بھیجنے میں اپنا کردار ادا کرے، امید کرتے ہیں برطانوی حکومت کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے میں پاکستان کی معاونت کرے گی۔سابق وزیراعظم نوازشریف 2019 نومبر میں 8 ہفتوں کی ضمانت پر علاج کی غرض سے برطانیہ گئے تھے اور اس وقت سے وہیں مقیم ہیں ۔ پاکستانی حکومت نے نوازشریف کو ڈی پورٹ کرنے کیلئے برطانیہ حکومت کو خط لکھ دیا ہے جس میں کیس سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیاہے ۔واضح رہے کہ نواز شریف علاج کی غرض سے برطانیہ گئے تھے تاہم سیاسی تقاریر پر وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے کہا تھا کہ نواز شریف کو واپس لایا جائے گا۔