جناب والا: پہلے خود ووٹ کو عزت دو حکومت کو مدت پوری کرنے دو اور اداروں کا احترام کرو۔۔۔ مشہور زمانہ اخبار ’’گلف نیوز‘‘ کا نواز شریف کو شاندار مشورہ

لاہور (ویب ڈیسک) گلف نیوز نے اپنے اداریئے میں کہا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کے وزیراعظم بننے کے دو سال بعد ہی ایک بار پھر گلیوں بازاروں میں سیاسی گرما گرمی اور جوش نظر آ رہا ہے ۔ چند سال قبل عمران خان نے نواز شریف کی حکومت کیخلاف احتجاج اور دھرنا دیا تھا

جس کے باعث وہ سیاست میں ابھر کر سامنے آئے ۔انہوں نے کرپٹ حکمرانوں کیخلاف ایکشن لینے اور انقلابی اصلاحات کے ذریعے غریب لوگوں کو ریلیف دینے کے وعدے کئے تھے ، تاہم اب اپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر حکومت کی کارکردگی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔صرف چند ماہ قبل کوئی بھی عمران خان حکومت کیخلاف اتنے بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلیوں کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، تاہم اب محسوس ہوتا ہے کہ بازی پلٹ گئی اور مرکزی اپوزیشن جماعتیں عمران خان کو اتارنے کیلئے باہر نکل آئی ہیں۔ مہنگائی، معاشی بحران، سیاسی انتقام اور میڈیا پر پابندیاں وہ عوامل ہیں جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونے پر مجبور کیا۔اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک ہفتے میں دو جلسے کر چکی ہے ۔ پشاور، ملتان اور لاہور میں مزید ریلیوں جلسوں کا منصوبہ بنایا جا چکا ہے اور اس کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی۔جمہوری ملک میں سیاسی جماعتوں کو ریلیوں کا حق حاصل ہوتا ہے ، تاہم سیاسی رہنماؤں کو حکومتی اداروں بالخصوص مسلح افواج کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے ۔نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو اداروں پر الزامات لگانے سے گریز کرنا چاہئے ، عمران خان ایک منتخب وزیراعظم ہے ، سیاستدانوں کو حکومت کو کام کرنے دینا چاہئے اور ’’ووٹ کی عزت کرنی چاہئے ‘‘۔ عمران خان کو سیاسی جھگڑوں کے بجائے گورننس پر توجہ دینی چاہئے اور سیاستدانوں کو حکومت کو پانچ سال کی مدت پوری کرنی دینی چاہئے کیونکہ محاذ آرائی سے افراتفری پھیلے گی اور معاشی مشکلات بڑھیں گی بالخصوص عالمی وبا کے دور میں۔