تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت سعودی حکومت نے عوام کو خوشخبری سنا دی

ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں تیل اور گیس کی نئی فیلڈز دریافت ہوئی ہیں، سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا ہے کہ آرامکو نے مملکت کے شمالی علاقوں میں تیل اور گیس کی دو نئی فیلڈز دریافت کی ہیں۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق الجوف کے علاقے میں ھضب الحجر گیس فیلڈ اور ابرق التلول آئل فیلڈ اور شمالی حدود ریجن میں گیس فیلڈ واقع ہے۔الھضب الحجر گیس فیلڈ سکاکا شہر کے مشرق میں واقع ہے۔ اس سے روزانہ 16 ملین مکعب فٹ گیس نکالی جائے گی۔

سعودی وزیر توانائی نے بتایا کہ ابرق التلول فیلڈ سے غیر روایتی اعلی درجے کا ہلکا عرب تیل دریافت ہوا ہے۔یہ فیلڈ عرعر شہر کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔ اس سے روزانہ 3189 بیرل تیل نکلے گا۔ اس کے ساتھ 1.1 ملین مکعب فٹ گیس بھی حاصل ہوگی۔ابرق التلول فیلڈ سے2.4 ملین مکعب فٹ گیس روزانہ کی بنیاد پر نکل رہی ہے، یہ 49 بیرل کنڈینسیٹ گیس سے مالا مال ہے۔شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے مزید کہا کہ سعودی آرامکو دونوں فیلڈز میں پیٹرول، گیس اور کنڈینسیٹ گیس کا جائزہ لیتی رہے گی جبکہ دونوں فیلڈ کے حجم اور رقبے کی نشاندہی کے لیے مزید کنویں کھودے جائیں گے۔