پرویز مشرف نے روضہ رسول ۖ کے اندر کیا دعا کروائی؟ شیخ رشید کا اپنی نئی کتاب”لال حویلی سے اقوام متحدہ تک”میں حیران کن انکشاف

سلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسیک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اوروفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے 50 سالہ سیاسی سفر پر ایک کتاب ” لال حویلی سے اقوام متحدہ تک فرزند پاکستان شیخ رشید کی سیاست کے پچاس برس” لکھی ہے جس میں انہوں نے کئی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ اپنی آپ بیتی میں شیخ رشید نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت کے بارے میں کئی اہم انکشافات کیے ہیں، انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ مشرف نے روضہ رسول میں یہ دعا کروائی کہ اسامہ بن لادن پکڑا نہ جائے۔شیخ رشید لکھتے ہیں ”

صدر مشرف کو اکثر اسامہ بن لادن کی گرفتاری کی فکر لاحق رہتی تھی۔ یہ فکر اتنی بڑھ چکی تھی کہ ہم سعودی عرب گئے تو وہاں بھی اس کا ذکر رہا،ایک دن میں نے روضہ رسولۖپر مشر ف سے پوچھا کہ آپ بتائیں کہ اسامہ بن لادن کی اصل حقیقت کیا ہے؟ مشرف نے مجھے کہا کہ اس مقدس جگہ پربیٹھے ہوئے یہ دعا کریں کہ اسامہ پاکستان سے نہ پکڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں بھی یہاں دعا مانگوں گا اور آپ بھی یہ دعا مانگیں کہ اسامہ بن لادن کہیں سے بھی نکلے، لیکن پاکستان سے نہ نکلے، ورنہ پاکستان کی مستقبل کی سیاست میں اس پر بڑے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔