کلین انرجی کی جانب بڑا اقدام۔۔!!! پاکستان کا پہلا الیکٹرک کار چارجنگ اسٹیشن مکمل فعال، گاڑی ایک بار چارج ہونے سے کتنے کلومیٹر چلے گی؟ جانیے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان سٹیٹ آئل کی جانب سے پہلا کار چارجنگ الیکٹرک سٹیشن مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جو کہ پاکستان میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا خواب ہر پاکستانی دیکھتا ہے۔ اسلام آباد میں پہلے چارجنگ الیکٹرک اسٹیشن سے اپنی کار چارج کروانے والے صارف کا میڈیا کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی حکومت کی جانب سے بہت ہی اہم قدم اٹھایا گیا ہے،

جو کہ اس بات کی پیشنگوئی ہے کہ بہت جلد پاکستان کی سڑکوں پر یورپی ممالک کی طرح الیکٹرک کاریں دوڑیں گی۔ الیکٹرک کار چارجنگ سٹیشن سے کار چارج کروانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صارف کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے تو عموماً میں اپنی کار کو گھر میں ہی چارج کرتا تھا، جس میں مجھے کم و بیش چار سے پانچ گھنٹے درکار ہوتے تھے لیکن اب الیکٹرک چارجنگ سٹیشن کے فعال ہونے کی وجہ سے میں صرف ایک گھنٹے کے اندر اپنی کار چارج کروا سکتا ہوں۔ الیکٹریکل کار صارف کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک دفعہ بیٹری چارج کرنے پر گاڑی آرام سے ڈھائی سو سے تین سو کلومیٹر کا سفر طے کر لیتی ہے۔ الیکٹریکل کار چارجنگ اسٹیشن کے آپریٹر کا اسٹیشن کام کیسے کرتا ہے؟ کے حوالے سے کہنا تھا کہ جس طرح سے ہم اپنے موبائل کو چارجر کی پن لگا کر چارج کرتے ہیں، بالکل اسی طرح اس مشین کے ساتھ پیٹرول کی نوزل کی بجائے چارجنگ پن ہے، جس کی مدد سے ایک گھنٹے کے دوران گاڑی کو آرام سے چارج کیا جاسکتا ہے۔ اسٹیشن آپریٹر کا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے کی وجہ سے بہت سے لوگ الیکٹرک کار خریدنے سے ڈرتے ہیں، کیونکہ انہیں ہر وقت یہ خدشہ رہتا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اسٹیشن سے اپنی گاڑی چارج کروانے کے لئے جائیں اور وہاں پر بجلی ہی موجود نہ ہو، امید ہے کہ آنے والے دنوں میں حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔