JF-17کی پہلی بار برطانوی ائیر شو میں شرکت!!! پاک فضائیہ کے تھنڈر طیارے نے وطنِ عزیز کا نام سربلند کردیا، پاکستان کا مثبت پہلو اُجاگر

لندن (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیارے جے ایف 17 نے برطانوی ورچوئل شو میں شرکت کرکے دیکھنے والوں پر سحر طاری کردیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث رواں سال برطانیہ میں ہونے والے سالانہ ٹیٹو ایئر شو کا انعقاد ورچوئل طرز پر کیا گیا،

جس میں پاک فضائیہ سمیت دنیا بھر کے جدید طیاروں اور ہیلی کاپٹرز پر مشتمل ویڈیوز کو لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے دکھایا گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ برطانوی ورچوئل شو میں پاک فضائیہ کے تھنڈر طیارے جے ایف 17 نے وطن عزیز کا نام سر بلند کیا۔ نمبر 16 اسکواڈرن کے اس ملٹی رول لڑاکا طیارے کے علاوہ نمبر 21 اسکواڈرن کے سی 130 ہرکولیس طیارے نے بھی اس ایونٹ کو یادگار بنایا۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث اس سال ائیر شو میں شرکت کیلئے دنیا بھر کی فضائی افواج نے طیاروں اور عملے پر مشتمل مختصر دورانیے کی ویڈیوز ارسال کیں۔ منتظمین کی جانب سے وضع کردہ قواعدو ضوابط کے تحت پاک فضائیہ نے بھی ائیر شو میں شرکت کیلئے طیاروں کے عملے کے ویڈیو پیغامات ارسال کیے، جنہیں اس ائیر شو کے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر 19-20 جولائی کو نشر کیا گیا۔ ایوی ایشن کے دلدادہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے ان ویڈیوز کو بہت سراہا۔ واضح رہے کہ رواں سال ہونے والے اس ورچوئل رائل انٹر نیشنل ائیر ٹیٹو شو میں جے ایف 17 طیارے نے پہلی بار شرکت کی۔ایئر شو میں شرکت نہ صرف بین الاقوامی سطح پر جے ایف 17 تھنڈر کی مزید تشہیر کا باعث بنے گی، بلکہ پاکستان کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔