پی ٹی آئی کا ایک وزیر اور اسکے بھائی پنجاب میں تقرر و تبادلوں کی اصل وجہ ہیں ، سارے کام انکی فرمائش پر ہو رہے ہیں ۔۔۔۔ حسن نثار کا تہلکہ خیز انکشاف

کراچی (ویب ڈیسک)نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو جگانے کیلئے ہارن بجانا کافی نہیں اس کیلئے تو صور اسرافیل بھی پھونک دیا جائے تب بھی شاید یہ نہ جاگیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں پاکستان سے محبت زیادہ ہوتی ہے

کیونکہ مقام بدلنے سے ماں تبدیل نہیں ہوجاتی، عمران خان نے نئی بات نہیں کی کہ تبدیلی میں سسٹم رکاوٹ ہے، 14اگست 1947ء ہماری آزادی کا نہیں آقاؤں کی تبدیلی کا دن ہے۔ اس ملک اور عوام کو سسٹم سے آزادی ملے بغیر حقیقی آزادی نصیب نہیں ہوگی، یہ نظام عجیب و غریب مکروہ گندہ غلیظ چوں چوں کا مربہ ہے، اس سسٹم میں بہت کچھ وہ ہے جو انگریزوں نے غلامو ں کیلئے وضع کیا تھا جبکہ کچھ ہماری شرارتیں اور کمینگیاں ہیں۔ وزیراعظم کے سات معاونین خصوصی کی دہری شہریت کے حوالے سے حسن نثار کا کہنا تھا کہ پاکستانی دنیا میں جہاں بھی ہو وہ پاکستانی ہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں پاکستانیت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ مقام بدلنے سے ماں تبدیل نہیں ہوتی، حسین حقانی جیسے لوگ چالیس پچاس لاکھ میں ایک آدھ ہوتے ہیں۔ حسن نثار نے کہا کہ عمران خان جیسے آدمی کو معمولی کریڈٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے، کورونا میں کمی اگر عمران خان کا کریڈٹ بھی ہے تو خود چپ رہیں دوسروں کوکہنے دیں۔لاہور میں تقرریوں اورتبادلوں سے لے کر ٹھیکوں تک کی بندربانٹ ہورہی ہے، پی ٹی آئی کا ایک وزیر مع اپنے برادران سارے گل کھلارہا ہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی تھپکی اور بھرپور اعتماد ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نئے عزم کے ساتھ میدان میں آگئے ہیں ، تازہ ترین خبروں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی وزارتوں سے متعلق قانون سازی اور اسمبلی بزنس میں دلچسپی نہ لینے والے وزراء کے نام طلب کر لیے ہیں ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے ایوان وزیر اعلیٰ نے محکمہ قانون سے ایسے وزراء کی فہرست مانگ لی ہے جو اپنی وزارت میں مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی میں دلچسپی نہیں لیتے۔جبکہ پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کی تیاری میں بھی دلچسپی نہ لینے والے وزراء کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے فہرست طلب کر لی گئی ہے ۔