بیرون ملک سے زرمبادلہ بھیجنے والوں کیلئے اچھی خبر!!! حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت کا بیرون ملک سے زرمبادلہ بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ۔ حکومت کی جانب سے بیرون ممالک سے زرمبادلہ بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ بھیجنے میں مزید آسانی فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،

حکومت کے اس فیصلے کے تحت بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت فراہم کرنے کی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تجویز دی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے دی گئی تجویز کے مطابق بیرون ممالک سے زرمبادلہ بھیجنے والے پاکستانیوں کو لائف سٹائل ڈیجیٹل اکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا، لائف سٹائل ڈیجیٹل اکاؤنٹ ابتدا میں پاؤنڈ، ڈالر اور یوآن میں کھولا جا سکتا ہے،سیونگ اکاؤنٹ میں (Libor) پلس میں 3 سے 4 فیصد کے حساب سے شرح منافع دیا جائے گا۔ لائف سٹائل ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں آن لائن دیگر کرنسیوں کو روپے میں اور روپے کو دیگر کرنسیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ صارف کو ورچوئل ڈیبٹ کارڈ بھی جاری کیا جائے گا، لائف سٹائل ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے کیے جانے والے لین دین یا منافع پر ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔ مزیدبرآں لائف سٹائل ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس اور ٹرم ڈیپوزٹ میں سرمایہ کاری ممکن ہو گی، اس کے علاوہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے رئیل اسٹیٹ میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکے گی، مزید کہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے مقامی بلوں کی ادائیگی اور اندرون ملک میں رقوم کو باآسانی منتقل کیا جا سکے گا۔