حیران کن خبر : اہم اسلامی ملک کے سفارتخانے کو 30 کلو گرام سونے کا پارسل موصول ۔۔۔

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کے نام ایک سفارتی پارسل میں سے 30 کلو گرام سے زائد سونا برآمد ہوا ہے۔جنوبی ریاست کیرالہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود کسٹم حکام نے باتھ روم فٹنگز کے اندر چھپایا گیا سونا برآمد کیا جو بظاہر سمگل کیا گیا ہے۔

یہ پارسل تھیرووننتھاپورم شہر میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کے نام پر تھا۔متحدہ عرب امارات نے اس پارسل سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایک سابق مقامی ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔مقامی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے دلی میں سفارت خانے نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ پارسل کس نے بھیجا۔سفارت خانے کا کہنا تھا کہ ‘اماراتی حکام نے زور دیا ہے کہ ملوث افراد جنھوں نے نہ صرف ایک سنگین جرم کیا ہے بلکہ انڈیا میں اماراتی مشن کی ساکھ خراب کرنے کی بھی کوشش کی، انھیں نہیں چھوڑا جائے گا۔’پیغام میں کہا گیا کہ ‘ہم انڈین حکام کے ساتھ اس جرم کی جڑ تک پہنچنے میں تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔’انڈیا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اخبار گلف نیوز کو بتایا کہ قونصل خانے کے سابق ملازم کو ‘اپنا کام نہ کرنے پر’ کئی ماہ قبل ملازمت سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ریاست کیرالہ کے وزیرِ اعلیٰ پینارائے وجین پر اپوزیشن کی جانب سے مستعفی ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاہم انھوں نے اس واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ اس ریاست کے ایک سینیئر عہدیدار کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں کمی نے انڈیا میں سمگلنگ کے ذریعے سونے کی آمد کو زک پہنچائی ہے اور سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔